حکومت نے رات کی تاریکی میں عوام پر پٹرول بم گرا دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت نے رات کی تاریکی میں عوام پر پٹرول بم گرا دیا، وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔ وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل دونوں کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے 77 پیسے کا اضافہ کیا ہے۔ اس اضافے سے پٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے ہو گئی، جبکہ ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 38. روپے 19 پیسے ہو گئی۔
نئی قیمتوں کا آج رات 12 بجے سے اطلاق ہو گا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو آگ لگ گئی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل اور امریکی خام تیل کی قیمتیں پھر سے بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت جمعے کی صبح بڑھ کر 106.80 ڈالرز فی بیرل تک پہنچ گئی جو بدھ کے مقابلے میں تقریبا 5 فیصد زیادہ ہے، اس سے قبل قیمت 100 ڈالرز سے بھی اوپر جا چکی تھی۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی عوام کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث مزید کچھ عرصے تک پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑے گا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکیوں کو تھوڑے عرصے کے لیے پیٹرول کی زیادہ قیمتیں ادا کرنا ہوں گی تاہم بدلے میں انھیں ایک ایسا ایران ملے گا جو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا اور نہ ہی امریکی شہروں یا پورے مشرق وسطی کو خطرے میں ڈال سکے گا۔
