وزیر داخلہ بلوچستان کی شہید پولیس اہلکار کے گھر آمد، اہل خانہ سے اظہار تعزیت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے شہید پولیس اہلکار رحمت خلجی کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔


اس موقع پر معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہمدردی اور شفقت کا اظہار کیا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے پولیس ہیڈ کانسٹیبل رحمت خلجی نے شہادت کا بلند رتبہ حاصل کیا، اور ان کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار کے لواحقین کی کفالت اور بچوں کی تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

WhatsApp
Get Alert