پی ایس ایل کوالیفائر میچ، معمولی قیمت کے ساتھ ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا گیا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 28 اپریل کو کراچی میں کھیلے جانے والے اہم پی ایس ایل کوالیفائر میچ کے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے شائقین کے لیے قیمتیں انتہائی کم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق شائقین کو میچ کے ای ٹکٹس سرکاری ویب سائٹ https://pcb.tcs.com.pk سے حاصل کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔
ای ٹکٹ رکھنے والے شائقین اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے اپنے موبائل پر ٹکٹ اسکین کرا سکتے ہیں یا اس کا پرنٹ آؤٹ دکھا کر بھی انٹری حاصل کر سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے کوالیفائر میچ کے لیے تمام انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 500 روپے مقرر کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کرکٹ اس میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔
پی سی بی نے مزید بتایا کہ فزیکل ٹکٹس کی خریداری کے لیے کراچی میں نیشنل بینک اسٹیڈیم کے سامنے چائنا گراؤنڈ میں قائم ٹی سی ایس باکس آفس کو فعال کر دیا گیا ہے، جہاں سے شائقین ٹکٹس حاصل کر سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کوالیفائر میچ کے لیے ای ٹکٹس کی فروخت آج رات سے شروع ہوگی جبکہ فزیکل ٹکٹس کل صبح سے دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب لاہور میں 29 اپریل اور یکم مئی کو شیڈول ایلیمنیٹر میچز کے ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات بھی جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
