باجوڑ میں کرکٹ گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر سے حملہ، تین افراد زخمی

پشاور(قدرت روزنامہ)باجوڑ کے ایک کرکٹ گراؤنڈ پر دہشت گردوں نے کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال جارحیت، خیبرپختونخوا کی شہری آبادی پر بزدلانہ حملوں کا تسلسل جاری ہے، باجوڑ کے علاقے ماموند کی تحصیل شاہی تنگی میں کرکٹ گراؤنڈ پر کوڈ کاپٹر کے ذریعے ایک حملہ کیا گیا جس میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوار ج نے دانستہ طور پر اس وقت حملہ کیا جب کرکٹ گراؤنڈ میں کھیل جاری تھا۔
واضح رہے کہ فتنہ الخوارج اپنے مذموم مقاصد کے حصول اور عوام میں خوف و دہشت پھیلانے کیلیے کواڈ کاپٹرز کا عام عوام پر استعمال کرتے ہیں جس کے کئی ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی حالیہ پریس ریلیز کے مطابق مارچ اور اپریل 2026ء کے دوران افغانستان کی جانب سے باجوڑ کے مختلف سرحدی علاقوں میں بالخصوصی ماموند اور سلارزئی میں ماٹر گولے فائر کیے گئے، افغان طالبان کی باجوڑ میں سول آبادی پر فائرنگ سے حالیہ دنوں میں 9 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 3 خواتین اور 6 معصوم بچے شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق فتنہ الخوارج نہتے عوام کو اس لیے نشانہ بنا رہے ہیں کہ وہ سیکیورٹی فورسز کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں، شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنانے کی وجہ سے عوام کے اندر فتنہ الخوارج کے لیے نفرت گہری اور شدید ہوتی جا رہی ہے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے حملوں کا موثر اور بھرپور جواب دیا جا رہاہے ، سیکیورٹی فورسز صرف خوارج اور افغان طالبان کی پوسٹوں اور ان کے معاون انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتی ہیں۔
