بلوچستان کی بیٹی کا معرکہ: ماہ نور بلوچ نے سی ایس ایس 2026 میں صوبے بھر میں ٹاپ کر لیا، پاکستان میں 10ویں پوزیشن

محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ایس ڈی او کی شاندار کامیابی پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور اعلیٰ حکام کی مبارکباد، طالبات کے لیے مشعلِ راہ قرار


کوئٹہ (ڈیلی قدرت / نیوز ڈیسک) بلوچستان کی بیٹیوں نے ایک بار پھر سے پورے پاکستان میں اپنا اور صوبے کا نام روشن کر دیا ہے۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) سریاب ڈویژن (بلڈنگ) کی ایس ڈی او مسز ماہ نور بلوچ نے مقابلہ جاتی امتحان سی ایس ایس (CSS) 2026 میں بلوچستان بھر میں پہلی اور پورے پاکستان میں 10ویں پوزیشن حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ ان کی یہ شاندار کامیابی ثابت کرتی ہے کہ ہمت، لگن اور حوصلے سے کی گئی محنت کے سامنے کچھ بھی ناممکن نہیں۔
ان کی اس شاندار کامیابی پر ان کے ساتھیوں، افسران اور عوام کی جانب سے خوشی اور فخر کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے مسز ماہ نور بلوچ کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی پورے صوبے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ محکمہ کے اعلیٰ حکام نے بھی ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی باصلاحیت اور محنتی افسران قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
مسز ماہ نور بلوچ اس سے قبل محکمہ مواصلات و تعمیرات میں بطور بلڈنگ ایس ڈی او اپنی خدمات انجام دے رہی تھیں۔ انہوں نے اپنی قابلیت اور مسلسل محنت سے نوجوانوں کے لیے ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔ متعلقہ حکام اور عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی ملک و قوم کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کریں گی، جبکہ ان کی یہ کامیابی بلوچستان کی تمام طالبات اور نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مشعلِ راہ بن گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert