آن لائن ٹیکسی ڈرائیورز کے لئے کونسا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ؟

لاہور(قدرت روزنامہ) آن لائن ڈرائیورز کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا، کریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے شہریوں کو قریبی پولیس خدمت مرکز جانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے آن لائن رائیڈ ہیلنگ کمپنیوں کے ساتھ مسافروں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے اہم معاہدہ کر لیا ہے۔

نئے فریم ورک کے تحت اب رائیڈ ہیلنگ پلیٹ فارمز سے منسلک تمام ڈرائیورز کے لیے پولیس سے جاری کردہ کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا، جس کے بغیر وہ سروس فراہم نہیں کر سکیں گے۔

حکام نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ موٹر سائیکل، رکشہ اور کار سروسز صرف تصدیق شدہ اور قابلِ اعتماد افراد ہی چلائیں، اس سے نہ صرف مسافروں کی حفاظت میں اضافہ ہوگا بلکہ تمام رجسٹرڈ ڈرائیورز کا ایک جامع ڈیٹا بیس بھی تیار کیا جا سکے گا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق روزانہ دو ملین سے زائد افراد رائیڈ ہیلنگ سروسز استعمال کرتے ہیں، جس کے باعث یہ شہری ٹرانسپورٹ کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سخت جانچ پڑتال اور بہتر مانیٹرنگ سے جرائم اور بدسلوکی کے واقعات میں کمی آئے گی اور عوام کا اعتماد بھی بڑھے گا۔

حکام نے مزید کہا کہ یہ اقدام صوبے میں ٹرانسپورٹ نظام کو جدید بنانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد سیکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے اس شعبے کی ترقی کو برقرار رکھنا ہے۔

کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ

پنجاب پولیس کے مطابق کریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے شہریوں کو قریبی پولیس خدمت مرکز جانا ہوگا اور اپنے اصل شناختی کارڈ ، پاسپورٹ کی کاپی اور حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔

سرٹیفکیٹ کی فیس 500 روپے ہے اور عام طور پر یہ چند دنوں میں جاری کر دیا جاتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert