سولجر بازار میں فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں سولجر بازار نمبر 2 پی ایس او پمپ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سولجر بازار میں فائرنگ کے نتیجے میں 02 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ہلاک ہونے والے افراد کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس جائے وقوعہ پر موجود ہے، لاشوں کو قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان ضلع ایسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کررہی ہے اور فائرنگ کے واقعے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ہلاک افراد کی شناخت جاوید اور مصدق کے نام سے ہوئی ہے، عینی شاہدین کے مطابق دونوں افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سولجر بازار نمبر 2 پر دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 افراد نے فائرنگ کی، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 13 خول ملے ہیں۔پولیس حکام نے بتایا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے کوئی چھینا جھپٹی نہیں کی، واقعہ ممکنہ طور ذاتی دشمنی کا لگتا ہے۔