تاریخ کی سب سے بڑی رقم ، 195 کروڑنقدی، 23 کلو سونا اور کروڑوں کا تیل، تاجر کے پاس سے خزانہ نکل آیا

کانپور(قدرت روزنامہ) بھارت کے شہر کانپور سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت پیوش جین کے قبضے سے 195 کروڑ بھارتی روپے نقدی، 23 کلو گرام سونا اور 6 کروڑ روپے مالیت کا قیمتی سامان برآمد ہو گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جی ایس ٹی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے پرفیوم کے کاروبار سے تعلق رکھنے والے بزنس مین پیوش جین کی زیر ملکیت مختلف جگہوں پر چھاپے مار کر بھارتی تاریخ کی سب سے بڑی رقم برآمد کی تھی۔ ڈی جی جی ایس ٹی نے پیوش جین کے قبضے سے 195 کروڑ بھارتی روپے نقدی، 23 کلو گرام سونا اور 6 کروڑ روپے مالیت کا چندن کا تیل برآمد کیا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل جی ایس ٹی نے 120 گھنٹے کے چھاپے کے دوران ضبط کیے گئے خزانے کی گنتی کے لیے بھارت کے مرکزی بینک سے مدد لی اور پھر بینک کی مشینوں کی مدد سے رقم کی گنتی کی گئی۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پیوش جین کو ٹیکس چھپانے کے جرم میں 52 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ملزم اس وقت 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔ دوسری جانب پیوش جین کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ جرمانے کی 52 کروڑ روپے کی رقم کی وصولی کے بعد باقی رقم میرے موکل کو واپس کی جائے۔ تاہم اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ کیس کے فیصلے تک رقم حکومت کے اکاؤنٹ میں رہے گی۔