ریٹائرمنٹ لینے کے بعد شابنم اسماعیل کی جنوبی افریقی ویمنز ٹیم میں واپسی

جنوبی افریقا اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 13 جون کو مانچسٹر میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے کرے گا


کیپ ٹائون(قدرت روزنامہ)جنوبی افریقا نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے مضبوط اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں 37 سالہ تجربہ کار فاسٹ بولر شابنم اسماعیل(Shabnim Ismail ) کی حیران کن واپسی سب کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ شابنم اسماعیل نے 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، تاہم اب وہ ایک بار پھر قومی ٹیم کی نمائندگی کرتی نظر آئیں گی۔
کرک انفو کے مطابق ٹیم کی قیادت لورا وولوارڈٹ( Laura Wolvaardt) کریں گی جبکہ تجربہ کار آل راؤنڈر ماریزان کیپ بھی بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد اسکواڈ میں شامل ہو گئی ہیں۔ سابق کپتان ڈین وین نیکرک، جنہوں نے گزشتہ برس ریٹائرمنٹ واپس لینے کے بعد دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تھا، وہ بھی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
جنوبی افریقی اسکواڈ میں تزمین برٹس، سونے لوس، چلوئی ٹرائیون اور ایابونگا خاکا جیسے اہم کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ نوجوان آل راؤنڈر کیلا رینیکے پہلی مرتبہ سینئر ورلڈ کپ کھیلیں گی، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر کرابو میسو بھی انجری سے صحت یاب ہو کر ٹیم میں واپس آگئی ہیں۔
ہیڈ کوچ منڈلا ماشیمبی نے شابنم اسماعیل کی واپسی کو ٹیم کے لیے بڑی تقویت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے تجربے اور جذبے سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شابنم اب بھی جنوبی افریقا کے لیے کچھ خاص کرنے کی بھرپور خواہش رکھتی ہیں۔
شابنم اسماعیل ریٹائرمنٹ کے بعد بھی دنیا بھر کی فرنچائز لیگز میں متحرک رہیں۔ وہ 2025 میں ممبئی انڈینز کے ساتھ ویمنز پریمیئر لیگ جیت چکی ہیں جبکہ ڈبلیو بی بی ایل، دی ہنڈرڈ اور ویمنز کیریبین پریمیئر لیگ سمیت مختلف ایونٹس میں 92 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکی ہیں۔
سلیکٹرز کے کنوینر کلنٹن ڈو پریز نے کہا کہ ٹیم کے بنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھنا ضروری تھا کیونکہ یہی کھلاڑی گزشتہ چند برسوں سے ایک مضبوط یونٹ کے طور پر کھیل رہے ہیں۔
جنوبی افریقا اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 13 جون کو مانچسٹر میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے کرے گا۔

WhatsApp
Get Alert