طویل عرصے سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کی آن لائن ہراسانی، جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے

لاہور (قدرت روزنامہ) اداکارہ مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ طویل عرصے سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کی آن لائن ہراسانی، جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے، بار بار شکایت کرنے کے باجود پنجاب پولیس، ایف آئی اے نے کوئی مناسب کارروائی نہیں کی، مریم نواز کے دفتر سے وابستہ افراد نے بھی معاملے کو دبانے، مجھے خاموش کروانے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے، پنجاب پولیس، ایف آئی اے اور مریم نواز کے دفتر سے وابستہ افراد پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ اپنی انسٹاگرام سٹوری میں انہوں نے لکھا کہ “میں ایک طویل عرصے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ایک ایم پی اے کی جانب سے شدید آن لائن ہراسانی، سائبر بلنگ، ذہنی اذیت اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہوں۔
این سی سی آئی اے ، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو بار بار معاملے کی رپورٹ کرنے کے باوجود، متعلقہ شخص کے سیاسی اثر و رسوخ کے باعث کوئی مناسب کارروائی نہیں کی گئی۔ انصاف کی فراہمی کے بجائے، میری شکایات کو دبانے کی کوششیں کی گئیں، اور یہاں

تک کہ محترمہ مریم نواز شریف کے دفتر سے وابستہ افراد نے بھی شفاف تحقیقات کی اجازت دینے کے بجائے اس معاملے کو دبانے اور مجھے خاموش کرانے کی کوشش کی۔
آواز اٹھانے اور قانونی کارروائی کی کوشش کرنے کے نتیجے میں، مجھے اور میرے خاندان دونوں کو شدید حفاظتی خطرات کا سامنا ہے۔ میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتی ہوں کہ وہ فوری طور پر ایک غیر جانبدارانہ تحقیقات کا آغاز کریں، میرے خاندان کو تحفظ فراہم کریں، اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔ اگر اس معاملے کو اسی طرح نظر انداز کیا جاتا رہا، تو میں ایک سیاسی شخصیت کو بچانے کے لیے ہراسانی، دھمکیوں اور میری شکایات کو دبانے میں ملوث تمام افراد کے خلاف دستیاب تمام شواہد پبلک پریس کانفرنس میں سامنے لانے پر مجبور ہوں گی۔
مجھے یقین ہے کہ محترمہ مریم نواز شریف اختیارات کے ناجائز استعمال یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے کسی بھی شخص کے خلاف غیر جانبدارانہ اور قانونی کارروائی کریں گی۔”
