سانحہ گل پلازہ، فاروق ستار نے انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کیلیے سندھ انفارمیشن کمیشن سے رجوع کرلیا

کراچی(قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے گُل پلازہ سانحے کی انکوائری رپورٹ اور متعلقہ سرکاری ریکارڈ عوام کے سامنے لانے کے لیے سندھ انفارمیشن کمیشن سے رجوع کر لیا۔
ان کے ہمراہ ایڈووکیٹ مشیر طارق منصور نے کمیشن میں درخواست جمع کرائی جس میں گُل پلازہ انکوائری کمیشن کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ اور کارروائی (Proceedings) کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ گُل پلازہ سانحہ کراچی کے المناک ترین واقعات میں شمار ہوتا ہے جس میں 84 سے زائد شہری جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوئے، تاہم متاثرہ خاندان ایک سال گزرنے کے باوجود انصاف کے منتظر ہیں ایسے سانحات کے تمام حقائق عوام کے سامنے لانا اور ذمہ دار عناصر کا تعین کرنا ریاستی اداروں کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کی چار جلدوں پر مشتمل رپورٹ میں متعدد سرکاری افسران اور متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور کوتاہیوں کا ذکر موجود ہے، لیکن متاثرین اور عوام کو اب تک اس رپورٹ تک رسائی فراہم نہیں کی گئی۔ شفافیت اور احتساب کے تقاضوں کے مطابق یہ معلومات عوام کے سامنے آنی چاہئیں تاکہ ذمہ دار عناصر کا تعین اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ سندھ ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016 شہریوں کو معلومات تک رسائی کا بنیادی اور قانونی حق دیتا ہے، لہٰذا متعلقہ اداروں کو رپورٹ اور اس سے متعلق تمام دستاویزات فوری طور پر فراہم کرنی چاہئیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ انفارمیشن کمیشن قانون، شفافیت اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گُل پلازہ سانحے کی مکمل انکوائری رپورٹ منظرِ عام پر لانے کے احکامات جاری کرے گا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے.
