حج مقدس عبادت، اس پر سیاست یا پوائنٹ سکورنگ نہیں بنتی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف

مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2026ءکے کامیاب انعقاد اور پاکستان کو مسلسل دوسرے سال بین الاقوامی ”لبیتم ایکسیلنس“ اور پرائیوٹ حج سکیم کو3 ایوارڈ ملنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال بہترین انتظامات کی بدولت شکایات کا تناسب1 فیصد سے بھی کم رہا، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے 80فیصد عازمین نے فائدہ اٹھایا۔سعودی حکومت کی نئی ٹائم لائن کے تحت حج پالیسی 2027 ءرواں ماہ جون میں ہی وفاقی کابینہ میں پیش کر دی جائے گی جس میں’’پہلے آؤ، پہلے پاﺅ‘‘ کی پالیسی برقرار رہے گی ،اگلے 2 ماہ میں نئے حج کی بکنگ مکمل ہونے کا امکان ہے، 2027ءحج کے خواہشمند عازمین اپنے پاسپورٹ فوری تیار کروا لیں۔ حج ایک مشترکہ ذمہ داری ہوتی ہے جس پر سیاست یا پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہیے۔ وہ پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں پوسٹ حج پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو، چیف کوارڈینیٹر مرزا علی محسود ، ڈائریکٹر حج مکہ محمد عارف اسلم راﺅ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ الحمدللہ، حج 2026ءکامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے۔ عازمینِ حج نے اپنے مناسک بخیر و عافیت ادا کیے۔ یہ کامیابی حکومت پاکستان، وزارتِ مذہبی امور، پاکستان حج مشن اور سعودی حکام کے مثالی تعاون کا نتیجہ ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔ پاکستان حج مشن کی کارکردگی کو سعودی وزیر حج کی سربراہی میں بین الاقوامی فورم پر بھی سراہا گیا، جہاں پاکستان نے مسلسل دوسرے سال ”لبیتم ایکسیلنس ایوارڈ“ حاصل کیا، جو پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے۔ 1 لاکھ 80 ہزار عازمین کوٹے کے ساتھ پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، اس سال پرائیویٹ سیکٹر کو بھی بہترین کارکردگی پر3 ایوارڈز ملے۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ رہائش، ٹرانسپورٹ اور خوراک کے بہترین انتظامات کی وجہ سے امسال شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا دائرہ کار لاہور تک بڑھانے سے حج 2026ءمیں 80 فیصد عازمین حج نے فائدہ اٹھایا۔ مدینہ منورہ میں عازمین کے لئے مرکزیہ میں فائیو سٹار سے ون سٹار تک بہترین ہوٹل حاصل کیے گئے تھے۔
وفاقی وزیر نے حج میڈیکل مشن اور سعودی جرمن ہسپتال کے تعاون کو سراہا، جنہوں نے خصوصی انتظامات کے تحت 146 شدید بیمار اور ضعیف حجاج کو وقوفِ عرفات اور طوافِ زیارت سمیت دیگر مناسک ادا کروائے۔وفاقی وزیر نے فیک نیوز اور مس انفارمیشن کو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ حج 2026ءمیں بھی زمینی حقائق کے برعکس سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے کی کوشش کی گئی، تاہم مین سٹریم میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے حقائق عوام کے سامنے رکھے.
