پاکستان آٹو انڈسٹری میں تاریخی تبدیلی، بڑی تعداد میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کا امکان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی آٹوموبائل صنعت آئندہ برسوں میں بڑی تبدیلی کے مرحلے میں داخل ہونے جا رہی ہے. جہاں الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی آمد روایتی پٹرول گاڑیوں کی جگہ لینے کی طرف اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
صنعتی اعدادوشمار کے مطابق جون سے دسمبر 2026 کے دوران پاکستانی مارکیٹ میں 23 نئی گاڑیاں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جن میں سے 20 گاڑیاں کسی نہ کسی شکل میں الیکٹرک یا ہائبرڈ ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گی۔
رپورٹس کے مطابق نئی آنے والی گاڑیوں میں تقریباً 87 فیصد ماڈلز الیکٹرک، ہائبرڈ یا رینج ایکسٹینڈڈ ٹیکنالوجی پر مشتمل ہوں گی۔ جو ملک میں توانائی کے متبادل ذرائع کی طرف بڑھتے رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ میں چین کی بڑی کمپنیوں کا کردار بڑھ رہا ہے۔ جو مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اپنی موجودگی کو تیزی سے وسعت دے رہی ہیں۔
آٹو انڈسٹری کے ماہر شفیق احمد شیخ نے کہا ہے کہ یہ تبدیلی آٹو انڈسٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی 26-2021 کے تحت شروع ہوئی۔ جبکہ آئندہ آٹو پالیسی 31-2026 میں اس عمل میں مزید تیزی متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق حکومت ٹرانسپورٹ سیکٹر میں الیکٹریفیکیشن کو فروغ دے کر درآمدی تیل اور ایل این جی پر انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جس سے سالانہ تقریباً 4.5 ارب ڈالر تک بچت متوقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے مختلف مراعات بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ملک میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جا سکے۔
