عاصم اظہر کے نئے گانے میں ہانیہ عامر کی آواز؟ سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستانی گلوکار عاصم اظہر کے تازہ ریلیز ہونے والے گانے آرزو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، تاہم گانے کی مقبولیت کے ساتھ ایک نئی بحث بھی جنم لے چکی ہے۔ متعدد صارفین کا خیال ہے کہ گانے کے ایک حصے میں سنائی دینے والی آواز اداکارہ ہانیہ عامر کی ہے۔
عاصم اظہر نے حال ہی میں آرزو کے نام سے اپنا نیا گانا جاری کیا ہے، جسے انہوں نے خان، مادھورکسو اور نور کے ساتھ مل کر گایا ہے۔ ریلیز کے بعد سے یہ گانا مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور مداحوں کی جانب سے اسے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
گانے سے متعلق قیاس آرائیوں کا آغاز اس وقت ہوا جب عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر اس کی ایک ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں موجود ایک لائن ’’پھر سے بولو‘‘ نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، اور بہت سے مداحوں نے اندازہ لگایا کہ یہ جملہ ہانیہ عامر کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
View this post on Instagram
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ صارفین نے نہ صرف اپنی رائے کا اظہار کیا بلکہ ہانیہ عامر کو ٹیگ کرتے ہوئے بھی سوال اٹھائے کہ آیا واقعی گانے میں ان کی آواز شامل ہے یا نہیں۔
تاہم تاحال عاصم اظہر یا ہانیہ عامر کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی، جس کے باعث مداحوں کے درمیان تجسس اور بحث مزید بڑھ گئی ہے۔
