مہمان نوازی اور سخاوت میں پاکستان کے لوگ دنیا بھر میں بازی لے گئے!

ریاض (قدرت روزنامہ) سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کی دل کھول کر مہمان نوازی، مروت اور سخاوت کے چرچے تو دنیا بھر میں عام ہیں، لیکن اب سعودی عرب کے ایک شہری کے ساتھ پیش آنے والے ایک انوکھے واقعے نے پوری دنیا میں پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا، ایک سعودی بلاگر نے فیس بک پر محض مذاق میں ایک ویڈیو بنائی کہ وہ پاکستان گھومنا چاہتا ہے لیکن اس کے پاس پیسے نہیں ہیں، جس کے بعد پاکستانیوں نے جو ردِعمل دیا اس نے سعودی شہری کو شدید حیرت میں مبتلا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک سعودی شہری نے فیس بک پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اس نے کہا کہ اس کا دل پاکستان کی سیر کرنے کو چاہتا ہے لیکن تنگیِ داماں کی وجہ سے اس کے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں کہ وہ پاکستان کا ٹکٹ خرید سکے، اس نے تفریح اور مذاق کے طور پر پاکستانیوں سے کہا کہ اگر کوئی اسے سپانسر کرنا چاہتا ہے یا پیسے دینا چاہتا ہے تو وہ اپنا بینک اکاؤنٹ دینے کو تیار ہے، سعودی بلاگر کا خیال تھا کہ لوگ اس بات کو ہنس کر ٹال دیں گے، لیکن پھر جو ہوا وہ تاریخ بن گیا۔
اس حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سعودی نوجوان نے پوری کہانی سناتے ہوئے کہا کہ میں نے تو صرف ایک مذاق کیا تھا، لیکن ویڈیو اپلوڈ ہوتے ہی میرے سوشل میڈیا کے ان باکس میں پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی لائن لگ گئی، ہر کوئی مجھ سے انتہائی اصرار کے ساتھ میرا بینک اکاؤنٹ مانگ رہا تھا تاکہ وہ مجھے پاکستان کا ٹکٹ اور یہاں گھومنے کے پیسے بھیج سکیں۔
A Saudi guy joked on Facebook that he wanted to visit Pakistan but couldn't afford it. He was shocked by the Pakistanis' response. pic.twitter.com/u4kDob1c75
— Hafsa Malik (@kashmiricanibal) June 16, 2026
سعودی بلاگر نے ہنستے اور جذباتی ہوتے ہوئے بتایا کہ میں نے گھبرا کر ان سے کہا میرے بھائیو اور بہنو! میں تو بس ایک مذاق کر رہا تھا، مجھے پیسے نہیں چاہئیں، لیکن آگے سے پاکستانیوں نے جواب دیا کہ ‘آپ مذاق کر رہے ہوں گے، لیکن ہم مذاق نہیں کر رہے، آپ اپنا اکاؤنٹ نمبر دیں ہم آپ کو پاکستان بلائیں گے’، ماشاءاللہ، یہ لوگ کتنے دل والے ہیں!۔
پاکستانیوں کے اس بے لوث پیار اور دریا دلی پر سعودی شہری نے دل کھول کر ان کی تعریف کی اور کہا کہ میں ہمیشہ یہ سوچتا تھا کہ ہم سعودی دنیا میں سب سے زیادہ مہمان نواز ہیں اور مہمان کی سب سے زیادہ قدر کرتے ہیں، لیکن آج پاکستانیوں کا یہ جذبہ دیکھ کر میں یہ اعتراف کرنے پر مجبور ہو گیا ہوں کہ جب بات مہمان نوازی اور سخاوت کی ہو، تو پاکستانی دنیا میں سب سے آگے ہیں اور وہ ہم سعودیوں سے یہ بازی جیت چکے ہیں۔
سعودی نوجوان نے ان تمام پاکستانیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسے پاکستان آنے کی دعوت دی اور اکاؤنٹ نمبر مانگے اور کہا کہ آپ سب کی محبت کا بہت بہت شکریہ، لیکن انشاءاللہ میں بہت جلد اپنے پیسوں سے پاکستان کا دورہ کروں گا، اور مجھے پورا یقین ہے کہ جب میں پاکستان کی دھرتی پر قدم رکھوں گا، تو آپ لوگ میرے ساتھ اس سے بھی زیادہ شاندار اور یادگار سلوک کریں گے، مجھے آپ سب سے محبت ہے (I love you guys)۔
