پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خبر جلد آنے والی ہے، وفاقی وزیر علی پرویز ملک

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق جلد مثبت اعلان متوقع ہے، کیونکہ حکومت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ عرصے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث غریب اور متوسط طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور گھریلو اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
انہوں نے اس امر کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور خطے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں متاثر ہوئیں، جس کا اثر پاکستان سمیت متعدد ممالک پر پڑا۔ تاہم اب حالات میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں اور عالمی سطح پر خام تیل کی فراہمی میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ عالمی منڈی میں ایران کے خام تیل کی دستیابی سے متعلق مثبت توقعات کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ جیسے ہی عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئے، اس کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے اور عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ان کے بقول وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور حکومتی ٹیم کی سفارتی اور معاشی کاؤشوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جبکہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اور اسٹیک ہولڈرز مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے عوام کو واضح اور مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملے گی، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور عام شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
