16 سے 18 سال کے نوجوانوں کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ دینے کا فیصلہ

لاہور(قدرت روزنامہ) 16 سے 18 سال کے نوجوانوں کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ، نوجوان صرف موٹر سائیکل چلانے کے اہل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں 16 سے 18 سال کے نوجوانوں کی سہولت اور سڑکوں پر قانونی ڈرائیونگ کو یقینی بنانے کے لیے ‘جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ’ متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اس فیصلے کے تحت اب 16 سے 18 سال کے نوجوانوں کو موٹر سائیکل اور اسکوٹی چلانے کے لیے باقاعدہ ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیا جائے گا، جس کا باضابطہ اجرا رواں ہفتے سے ہی شروع ہو رہا ہے۔

اس خصوصی پرمٹ کے تحت نوجوان صرف موٹر سائیکل یا اسکوٹی چلانے کے اہل ہوں گے، انہیں زیادہ سے زیادہ 125 سی سی (125cc) تک کی موٹر سائیکل یا اسکوٹی چلانے کی اجازت ہوگی۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کی سالانہ فیس صرف 500 روپے مقرر کی گئی ہے ، پرمٹ کے حصول کے لیے امیدوار نوجوان کے پاس نادرا کا اسمارٹ کارڈ یا ب فارم ہونا لازمی ہے۔

کسی بھی نوجوان کو والدین کے تحریری اجازت نامے (حلف نامے) کے بغیر یہ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ پرمٹ کے حصول کے لیے امیدواروں کو سخت مراحل سے گزرنا ہوگا، پہلے امیدواروں سے کمپیوٹرائزڈ سائن ٹیسٹ (اشاروں کا ٹیسٹ) لیا جائے گا اور اس میں پاس ہونے کے بعد روڈ ٹیسٹ (پریکٹیکل ٹیسٹ) ہوگا۔

دونوں ٹیسٹ پاس کرنے والے کامیاب امیدواروں کو موقع پر ہی ڈرائیونگ پرمٹ جاری کر دیا جائے گا۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرمٹ رکھنے والے تمام نوجوانوں کے لیے موٹر سائیکل یا اسکوٹی چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ہر صورت یقینی بنانا ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل پر انڈیکیٹرز اور سائیڈ ویو مررز کا ہونا انتہائی لازمی ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین، سگنلز اور حدِ رفتار کی پابندی کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔

WhatsApp
Get Alert