میاں صاحب! برا نہ مانیے۔۔ بلاول بھٹو زرداری کا نواز شریف کو براہِ راست سیاسی پیغام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب! برا نہ مانیے، کشمیر ہو یا کشمور، میرپور ہو یا میرپورخاص، صرف ان کے نام ہی ایک جیسے نہیں بلکہ ان کا مزاج، ان کی غیرت اور اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہونے کا جذبہ بھی ایک جیسا ہے۔
اس حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر ہو یا کشمور، کوئی بھی کسی کو حقِ حکمرانی اور حقِ ملکیت سے سیاسی طور پر محروم نہیں ہونے دے گا، کشمیر ہو یا کشمور، میرپور ہو یا میرپورخاص، وہاں کے عوام اپنے حقوق پر کوئی سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں، وہ اپنے فیصلے خود کرنا چاہتے ہیں اور اپنے مستقبل کا اختیار کسی دوسرے شہر یا کسی دوسرے صوبے کے حوالے نہیں کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ میاں صاحب، برا نہ مانیے، جس طرح گزشتہ انتخابات میں کشمیر اور کشمور کے عوام نے مسلم لیگ ن کو مسترد کیا، جس طرح میرپور اور میرپورخاص میں ن لیگ کا صفایا ہوا، اسی طرح آئندہ انتخابات میں بھی عوام یہی فیصلہ دہرائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 27 جولائی کو جس طرح کشمور میں، اسی طرح کشمیر میں بھی فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں ہوگا، جبکہ جس طرح میرپورخاص میں ہوا، اسی طرح میرپور کے عوام بھی تیر سے شیر کا شکار کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ میاں صاحب، برا نہ مانیے، میرپور کا فیصلہ ہو چکا ہے، میرپور کے عوام حقِ حکمرانی، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار کے لیے تیر پر مہر لگائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert