وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کے ثالثی میں اہم کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے، پزشکیان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے ثالثی میں اہم کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔

وزیر اعظم ہاؤس کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد پہلی بار ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں میں 30 منٹ سے زائد تک بات چیت جاری رہی۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، قیادت اور برادر عوام کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط پر مبارکباد دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا، اور ایرانی قوم کی تعمیر نو، پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کا باعث بھی بنے گا۔

وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کیلیے بھی احترام اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انہوں نے معاہدے پر دستخط کے ایرانی فیصلے کو سراہا اور مذاکرات کے اگلے مرحلے کیلیے ایرانی قیادت کی کامیابی کی دعا کی، شہباز شریف نے عزم کیا کہ پاکستان برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ٹیلی فونک رابطے کے دوران ایرانی صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے مہارت اور دانشمندی سے ثالثی کو کامیابی سے ہمکنار کیا، شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر کے ثالثی کے اہم کردار کو ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا، مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا۔

وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق ایرانی صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستانی عوام کیلیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی سہولت کے مطابق جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دورے، دو طرفہ و علاقائی امور میں بہترین تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور آئندہ دنوں میں مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

WhatsApp
Get Alert