وزیراعظم کی جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کو مضبوط اور فعال بنانے کی ہدایت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کو مضبوط اور فعال بنانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور سیکریٹریٹ کو جلد مکمل کیا جائے، پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے کی بہتری کیلئے کام کیا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیرصنعت وپیداوار خسروبختیار ملاقات کی۔
ملاقات میں علاقائی تنظیمی ڈھانچے اور جنوبی پنجاب کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کو مضبوط اور فعال بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں پاکستان ادارہ شماریات میں 3 ممبران کی تقرری اور 6 ماہ میں اضافی اخراجات کی اسٹیٹمنٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں نیپرا کی سالانہ رپورٹ کا ایجنڈا موخر کردیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے متعدد نکات کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے غیرملکی سفیروں پر پیشگی اجازت کے بغیر وزرا سے ملنے پر پابندی لگا دی ہے، کوئی بھی سفیر آئندہ وزارت خارجہ کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر کسی وزیر سے ملاقات نہیں کرےگا، وزارت خارجہ کی کلیئرنس کے بعد سفرا وزرا سے ملاقات کر سکیں گے، تمام ملاقاتوں میں وزارت خارجہ کا ایک نمائندہ بھی شریک ہوگا۔
اجلاس میں ویزراعظم عمران خان نے تمام وزارتوں کو اپنی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزارتیں وزارت خارجہ کی طرز پر اپنی کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے رکھیں۔