مذہبی معاملے پر نشریات کی معطلی، جیو نیوز کا سنگین ادارتی غلطی کا اعتراف، معذرت بھی کرلی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے ایک حساس مذہبی نوعیت کے معاملے پر ‘جیو نیوز’ کی نشریات 15 روز کے لیے معطل کرنے کے اعلان کے بعد جیو نیٹ ورک نے اپنا باقاعدہ تفصیلی اعلامیہ جاری کر دیا، جس میں ادارے نے اپنی سنگین غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی اور آئندہ کے لیے سخت اصلاحی اقدامات کا عزم ظاہر کیا ہے۔
جیو نیوز نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا ہے کہ ادارہ اس افسوسناک واقعے کا مکمل اعتراف کرتا ہے اور اسے کسی بھی طور درست قرار دینے یا اس کا دفاع کرنے کی کوئی کوشش نہیں کرے گا، یہ واقعہ مکمل طور پر غیر ارادی تھا، جس کا جیو نیوز کی ادارتی پالیسی یا نظریاتی مؤقف سے کوئی تعلق نہیں، جیسے ہی اس سنگین غلطی کا ادراک ہوا، ادارے نے کسی بھی بیرونی دباؤ کے بغیر اپنے احساسِ ذمہ داری کے تحت اس متنازعہ مواد کو فوری طور پر ہٹا دیا۔
جیو نیوز کی جانب سے حالیہ واقعے پر وضاحت اور معذرت pic.twitter.com/VnE8IBOzCq
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) June 28, 2026
چینل انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ واقعے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے جیو نیوز کی انتظامیہ نے متعلقہ رپورٹر اور ادارتی کمیٹی کے ذمہ داران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں، ادارے کے اندر ایک باقاعدہ اعلیٰ سطح کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور پالیسی کے مطابق ذمہ دار افراد کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا عمل جاری ہے، جیو نیوز نے مستقبل میں ایسی حساس غلطیوں کے تدارک کے لیے اپنے اندرونی نظام میں ضروری تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔
ادارے نے اعلامیہ میں بتایا ہے کہ ادارتی منظوری کے نظام کو پہلے سے زیادہ سخت اور مؤثر بنا دیا گیا ہے، خبروں اور مواد کو آن ایئر کرنے سے پہلے اضافی جانچ کے مراحل شامل کیے گئے ہیں، مانیٹرنگ اور نگرانی کے حفاظتی انتظامات کو پہلے سے زیادہ مضبوط کیا گیا ہے تاکہ انسانی غلطی کا امکان ختم ہو سکے، ادارہ اپنے عملے کی تربیت، اندرونی ضابطوں اور معیارِ کار کو مزید سخت کرے گا اور اسلام، امتِ مسلمہ کے جذبات اور مذہبی اقدار کے احترام کی اپنی دیرینہ پالیسی پر سختی سے کاربند رہے گا۔
اپنے دفاع میں جیو نیوز نے موقف اختیار کیا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے اسلامی فکر، دینی شعور اور مسلم اقدار کے فروغ کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے، رمضان ٹرانسمیشن، حج، ربیع الاول اور محرم الحرام کے مواقع پر خصوصی نشریات ہمیشہ ان کی بنیادی روایت رہی ہیں، اگرچہ انسانی غلطی کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا، لیکن 24 گھنٹے چلنے والے لائیو نیوز آپریشنز میں ایسے امکانات موجود رہتے ہیں، کسی بھی ذمہ دار ادارے کی اصل پہچان یہ ہوتی ہے کہ وہ غلطی کے بعد کیسا ردعمل دیتا ہے اور کیا اصلاحی اقدامات اٹھاتا ہے۔
