فیفا ورلڈکپ: ایمباپے کے شاندار گول، سویڈن کو 0-3 سے ہراکر فرانس پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

نیویارک(قدرت روزنامہ)فیفا ورلڈکپ 2026 کے ناک آؤٹ میچ میں فرانس نے سویڈن کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے سویڈن کو 0-3 سے ہرایا۔ فرانس کی جانب سے 2گول ایمباپے نے اسکور کیے جبکہ ایک گول بارکولا نے کیا۔
میچ میں فرانس کی ٹیم سویڈن پر ابتدائی منٹ سے ہی حاوی رہی، صرف آدھے گھنٹے کے کھیل میں ہی فرانس نے حریف ٹیم پر اتنے حملے کیے کہ اگر وہ سب گول میں تبدیل ہوجاتے تو فرانس کے کیے گئے گولز کی تعدا د 3 سے کہیں زیادہ ہوتی۔
A strong performance sees France through 💪#FIFAWorldCup
— FIFA World Cup (@FIFAWorldCup) June 30, 2026
فرانس کے کھلاڑیوں کو اپنی کوششوں کا صلہ پہلے ہاف میں ہی مل گیا جب اسٹار کھلاڑی ایمباپے نے 45ویں منٹ میں گیند سویڈن کے جال میں پہنچائی۔
وقفے پر اسکور 0-1 سے فرانس کے حق میں تھا۔
دوسرے ہاف میں بھی فرانس کے تابڑ توڑ حملے جاری رہے، بارکولا نے 53ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کی برتری دُگنی کردی۔
ایمباپے نے 74ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کیلئے تیسرا گول اسکور کردیا اور یوں 0-3 کی جیت کے ساتھ فرانس نے پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں اُس کا مقابلہ پیراگوئے سے ہوگا۔
