وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کا دورہ، 12 ملین روپے گرانٹ کا اعلان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان کے ہمراہ گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف فیکلٹیز، تعلیمی شعبوں، تدریسی سہولیات اور تربیتی نظام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ اور کور کمانڈر نے کالج کے جدید تعلیمی نظام، اعلیٰ معیار کی تدریس، مثالی نظم و ضبط اور انتظامیہ کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا دورے کے موقع پر گرلز کیڈٹ کالج کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ پاکستان کی ایک مثالی اور معیاری درسگاہ ہے جہاں زیر تعلیم طالبات ملک کا روشن مستقبل اور پاکستان کی بہترین سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس ادارے سے تعلیم حاصل کرنے والی طالبات زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گی اور قومی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گی وزیر اعلیٰ نے طالبات پر زور دیا کہ وہ جس بھی شعبے میں جائیں، بلا جھجھک پاکستانیت کا پیغام عام کریں اور ریاست پاکستان کی نمائندہ بن کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان ہم سب کے لیے ہر شے سے مقدم اور عزیز ہے اور اسی ریاست نے ہمیں شناخت، عزت اور وقار عطا کیا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جس نے ریاست سے محبت اور وفاداری کی، اللہ تعالیٰ نے اسے عزت اور سربلندی عطا کی، جبکہ ریاست سے غداری کرنے والے ہمیشہ رسوا اور خوار ہوئے۔ انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ ہر معاملے میں حقیقت اور پروپیگنڈے میں فرق کو سمجھیں، کیونکہ آج ریاست پاکستان کے خلاف منظم انداز میں جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کے ذہنوں کو متاثر کرنا ہے انہوں نے کہا کہ بعض جامعات میں قوم پرستی کی آڑ میں قائم بعض کونسلز معاونت اور رہنمائی کے نام پر معصوم طلبہ و طالبات کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان ایسے عناصر سے دور رہیں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے وقف کریں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے

اور باصلاحیت طلبہ و طالبات کے لیے ہارورڈ، آکسفورڈ اور دیگر عالمی شہرت یافتہ جامعات تک رسائی کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں تاکہ بلوچستان کے نوجوان بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر بلوچ بچیوں کو خودکش حملوں جیسے سنگین جرائم کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو نہ صرف انسانیت بلکہ بلوچ روایات، اقدار اور قومی تشخص کے بھی سراسر منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ معاشرہ ہمیشہ علم، شعور، امن اور عزتِ نسواں کا علمبردار رہا ہے اور ان روایات کو ہر قیمت پر محفوظ رکھا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ جیسے معیاری تعلیمی ادارے بلوچستان اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے طالبات سے عہد لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ وعدہ کریں کہ زندگی کے جس بھی شعبے میں جائیں گی، ریاست پاکستان کی سفیر بن کر پاکستانیت، اتحاد، امن اور ترقی کا پیغام عام کریں گی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کے لیے 12 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ادارے کی ذاتی سرپرستی کریں گے اور حکومت بلوچستان کے تعاون سے گرلز کیڈٹ کالج کو دنیا کے مثالی تعلیمی اداروں کی صف میں شامل کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ بلوچستان کی بیٹیاں بہترین تعلیمی ماحول میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔ دورے کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ میں یادگاری پودا بھی لگایا

WhatsApp
Get Alert