ہمارا موقف ہے کہ آزاد کشمیر کی 12 نشستیں فی الفور ختم نہیں ہو سکتیں، طارق فضل چوہدری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارا موقف ہے کہ آزاد کشمیر کی 12 نشستیں فی الفور ختم نہیں ہو سکتیں، ان کے خاتمے کےلیے آئینی ترمیم درکار ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ الیکشن کے بعد نئی اسمبلی کوئی فیصلہ کرے تو وہ ترمیم کر سکتی ہے، 12 نشستیں ابھی بحال ہیں اور بحال رہیں گی۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ فیصل ممتاز راٹھور نے اگر کوئی رائے دی یا فارمولا ہے تو شیئر نہیں کیا گیا۔

وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ سوشل میڈیا رپورٹس پر ہم اپنی رائے نہیں دے سکتے، وزیراعظم آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) سے کوئی بات کریں گے تو اپنا رد عمل دیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا ہے کہ مہاجرین نشستوں کا خاتمہ کوئی شکوہ یا گلہ نہیں، بلکہ ایک جائز مطالبہ ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی نشستوں کے معاملے پر بامعنی اور سنجیدہ بحث کی ضرورت ہے، اور اس بحث کے لیے موزوں اور آئینی فورم قانون ساز اسمبلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلد یا بدیر سب کو اس ناگزیر حقیقت کا ادراک ہو جائے گا کہ اس معاملے کا حل جمہوری اور آئینی طریقہ کار کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ سیاسی حقوق کے حصول کا بہترین راستہ سیاسی جدوجہد ہے، نہ کہ احتجاج یا ہنگامہ آرائی، تمام فریقین کو اس معاملے کے حل کے لیے جمہوری اور پارلیمانی طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert