فیفا ورلڈکپ: امریکا میں ارجنٹائن ٹیم کی مجرمانہ انداز میں تلاشی، میسی حیران پریشان ہنستے رہے

فرانس(قدرت روزنامہ)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں امریکا پہنچنے والی مختلف قومی فٹبال ٹیموں اور معروف کھلاڑیوں کی ایئرپورٹس پر غیر معمولی سیکیورٹی چیکنگ کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔
امریکا کے متعدد ہوائی اڈوں سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں سینیگال، ازبکستان اور جرمنی کی ٹیموں کو سخت تلاشی اور سیکیورٹی مراحل سے گزرتے دیکھا گیا۔ بعض مناظر میں کھلاڑی ٹیم کٹس میں اپنے سامان کے قریب موجود ہیں جبکہ سیکیورٹی اہلکار ان کے بیگز اور دیگر اشیا کی جانچ کر رہے ہیں۔
سب سے پہلے سینیگال کی قومی ٹیم کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں کھلاڑیوں کو ہوائی اڈے کے رن وے پر سامان کے پاس کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ٹیم کو ٹرمینل میں داخل ہونے سے پہلے ہی سیکیورٹی کلیئرنس کے عمل سے گزارا گیا۔
دوسری جانب ازبکستان کی ٹیم کو بھی نیدرلینڈز کے خلاف دوستانہ میچ کے لیے سفر کے دوران سخت جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹوں کے مطابق ٹیم کے سامان اور کھلاڑیوں کی تلاشی کے لیے سراغ رساں کتوں اور جدید سیکیورٹی آلات کا استعمال کیا گیا۔
جرمنی کی قومی ٹیم بھی امریکی امیگریشن اور سیکیورٹی حکام کی کڑی جانچ سے نہ بچ سکی۔ آئیوری کوسٹ کے خلاف اہم مقابلے سے پہلے ٹورنٹو روانگی کے موقع پر جرمن کھلاڑیوں اور ٹیم کے ارکان کو مختلف سیکیورٹی مراحل سے گزرنا پڑا۔
اسی دوران عراق اور ایران کی ٹیموں کو بھی امریکا میں داخلے کے مرحلے پر امیگریشن سے متعلق مشکلات پیش آنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ بعض کھلاڑیوں سے کئی گھنٹے تک سوالات کیے گئے، جبکہ سپورٹ اسٹاف کے چند افراد کو مبینہ طور پر واپس بھیج دیا گیا۔
اب ارجنٹینا کی عالمی چیمپیئن ٹیم بھی اسی نوعیت کی جانچ پڑتال کی زد میں آ گئی۔ لیونل میسی سمیت ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو جہاز میں سوار ہونے سے پہلے سخت سیکیورٹی چیک سے گزرنا پڑا۔ ویڈیو میں میسی ابتدا میں اس صورتحال پر حیران دکھائی دیے تاہم کچھ دیر بعد وہ مسکراتے اور ہنستے ہوئے نظر آئے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے اس معاملے پر مختلف ردعمل دیا ہے۔ کئی افراد کا کہنا ہے کہ عالمی سطح کے کھلاڑیوں اور قومی ٹیموں کے ساتھ بھی اس قدر سخت رویہ اختیار کرنا حیران کن ہے، جبکہ بعض صارفین نے اسے امریکا کے سخت امیگریشن اور سیکیورٹی نظام کا حصہ قرار دیا۔
