دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ کس ملک کا ہے ؟ہینلے اینڈ پارٹنرز کی تازہ فہرست سامنے

لندن (قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں کس ملک کا شہری کتنی سفری آزادی رکھتا ہے؟ اس کا فیصلہ کرنے والی معتبر عالمی تنظیم ہینلے اینڈ پارٹنرز نے سال 2026 کے آخری چھ ماہ (جولائی تا دسمبر) کے لیے دنیا کے طاقتور ترین اور کمزور ترین پاسپورٹس کا نیا کچا چٹھا کھول دیا ہے۔
تازہ ترین عالمی رینکنگ کے مطابق بین الاقوامی سفر کے میدان میں ایشیائی ممالک کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور انہوں نے اپنی حکمرانی برقرار رکھی ہے تاہم پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ترین اپڈیٹ یہ ہے کہ عالمی سطح پر پاکستانی پاسپورٹ کا نمبر 91 واں ہے، جس کا موبلٹی اسکور 42 ہے یعنی پاکستانی مسافر دنیا کے صرف 42 ممالک یا خطوں میں بغیر ویزا یا پہنچنے پر ویزا کی سہولت کے تحت داخل ہو سکتے ہیں۔
سنگاپور کی بادشاہت اور دوسرے نمبر کے دعویدار
ہینلے کی اس نئی رپورٹ کے گہرے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیا کا چھوٹا سا ملک سنگاپور سفری آزادی کے لحاظ سے طاقتور ترین ملک بن کر ابھرا ہے۔ سنگاپور کی شہریت رکھنے والے افراد کو یہ غیر معمولی سہولت حاصل ہے کہ وہ دنیا کے 192 ممالک میں بغیر کسی پیشگی ویزے کے یا وہاں کے آسان قوانین کے تحت دندناتے پھر سکتے ہیں۔
دوسری جانب دنیا کی معاشی اور سفارتی طاقتیں یعنی جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات (UAE) مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ ان تینوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے خوش نصیب دنیا کے 187 ممالک اور خطوں کے دروازے بغیر پیشگی ویزا کے کھلوا سکتے ہیں۔
تیسری، چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر براجمان ممالک
سفری دنیا کی اس دوڑ میں یورپی ملک سویڈن تنہا تیسری پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے جہاں کا پاسپورٹ اپنے شہریوں کو دنیا کی 186 مختلف سفری منزلوں تک بغیر کسی پیشگی ویزا کی شرط کے داخل ہونے کا پروانہ دیتا ہے۔
چوتھے نمبر پر یورپی براعظم کے 12 ممالک کا ایک بہت بڑا گروپ ایک ساتھ موجود ہے جس میں بیلجیم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے، اسپین اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔ ان تمام ممالک کے باشندوں کو دنیا کے 185 مقامات پر ویزا فری سفر کی سہولت حاصل ہے۔
اس انڈیکس میں پانچویں پوزیشن بھی مشترکہ طور پر یورپی ممالک کے ہی نام رہی ہے جہاں آسٹریا، یونان، مالٹا اور پرتگال کے شہری کسی بھی پیشگی ویزے کے جھنجھٹ کے بغیر دنیا کے 184 ممالک کی حدود میں داخل ہونے کی قانونی طاقت رکھتے ہیں۔
ٹاپ 10 پاسپورٹس کی مکمل فہرست (چھٹے سے دسویں نمبر تک)
عالمی رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر آسٹریلیا، چیک جمہوریہ، نیوزی لینڈ اور پولینڈ موجود ہیں جن کے شہریوں کو 183 مقامات تک ویزا فری رسائی حاصل ہے۔ ساتویں نمبر پر کینیڈا، ہنگری اور برطانیہ مشترکہ طور پر براجمان ہیں جن کا پاسپورٹ 182 مقامات پر کارگر ہے۔ دنیا کی بڑی طاقت امریکہ (USA) اور آئس لینڈ اس فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہیں جن کے پاسپورٹ پر 181 مقامات کا سفر ممکن ہے۔ نویں پوزیشن پر لٹویا اور سلوواکیہ 180 ممالک کی سفری آزادی کے ساتھ موجود ہیں جبکہ دنیا کے ٹاپ 10 طاقتور ترین پاسپورٹس کی اس فہرست کا اختتام ایسٹونیا اور لیتھوانیا پر ہوتا ہے جن کا اسکور 179 ہے۔
