کوئٹہ میں دن دہاڑے واردات، فائرنگ سے گارڈ اور چوروں کی ٹکر سے بچہ زخمی؛

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) خلجی کالونی میں دن دھاڑے گورنمنٹ گرلز سکول کے سامنے چوری کی ایک انتہائی تشویشناک واردات پیش آئی ہے جہاں مسلح چوروں نے کارروائی کے دوران سکول کے سیکیورٹی گارڈ پر سیدھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق واردات میں تین چور ملوث تھے جنہوں نے مزاحمت پر فائرنگ کی اور پھر موقع سے افراتفری میں فرار ہونے کی کوشش کی۔ تیز رفتاری سے بھاگتے ہوئے چوروں نے راستے میں ایک معصوم بچے کو بھی زوردار ٹکر ماری جس سے بچہ شدید زخمی ہو گیا۔واقعے کے فوری بعد مقامی لوگ اور پولیس موقع پر پہنچ گئے تاہم چور حواس باختہ ہو کر اپنا ایک پسٹل اور موٹر سائیکل جائے وقوعہ پر ہی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی سیکیورٹی گارڈ اور بچے کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے چوروں کا اسلحہ اور موٹر سائیکل اپنے قبضے میں لے کر ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جبکہ دن دھاڑے سکول کے سامنے پیش آنے والے اس واقعے کے بعد علاقے کے مکینوں اور طالبات کے والدین میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
