فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت سی ایس ایس امتحانات 2027 کا شیڈول جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سینٹرل سپیریئر سروسز ’سی ایس ایس‘ 2027 کے سالانہ امتحانات کا ابتدائی شیڈول جاری کرتے ہوئے امیدواروں کے لیے اہم ترین تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایڈوانس پبلک نوٹس کے مطابق امتحانی عمل کا آغاز رواں سال اگست سے اسکریننگ ٹیسٹ کی درخواستوں کے ساتھ ہوگا۔
ایم پی ٹی کا شیڈول اور اہم تاریخیں
ایف پی ایس سی کے اعلامیے کے مطابق سی ایس ایس کے ابتدائی اسکریننگ ٹیسٹ ’ایم پی ٹی‘ ایم سی کیو بیسڈ کے ابتدائی ٹیسٹ کے لیے آن لائن درخواستیں 3 اگست سے 20 اگست 2026 تک وصول کی جائیں گی۔
وہ تمام امیدوار جو سی ایس ایس 2027 میں شرکت کے خواہشمند ہیں، ان کے لیے یہ ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہوگا۔ ایم سی کیوز پر مشتمل یہ ایم پی ٹی ٹیسٹ 27 ستمبر 2026 کو ملک بھر کے مختلف امتحانی مراکز میں منعقد کیا جائے گا۔
تحریری امتحان کا طریقہ کار اور آخری تاریخ
کمیشن کے نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسکریننگ ٹیسٹ کے بعد سی ایس ایس 2027 کے باقاعدہ تحریری امتحان کا اشتہار 8 نومبر 2026 کو جاری ہوگا۔
تحریری امتحان میں بیٹھنے کے لیے اہل امیدواروں سے آن لائن درخواستیں 10 نومبر سے 25 نومبر 2026 تک جمع کی جائیں گی۔
بعد ازاں آن لائن درخواست کی ہارڈ کاپی اور تمام مطلوبہ تعلیمی و دیگر ضروری دستاویزات ایف پی ایس سی ہیڈ کوارٹر جمع کرانے کی آخری تاریخ 4 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
ایڈوانس نوٹس کے مطابق سی ایس ایس 2027 کے روایتی تحریری امتحانات کا باقاعدہ آغاز 27 جنوری 2027 سے ہوگا۔
ایف پی ایس سی انتظامیہ نے امیدواروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر اپنی درخواستیں جمع کرائیں اور کسی بھی قسم کی تبدیلی، تازہ ترین معلومات، تفصیلی سلیبس اور دیگر ہدایات کے لیے باقاعدگی سے ایف پی ایس سی کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کرتے رہیں۔
