بلوچستان کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں جسمانی سزا پر مکمل پابندی عائد

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) محکمہ تعلیم بلوچستان نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کو جسمانی سزا دینے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’’ دنیا نیوز‘‘ کے مطابق کسی بھی طالب علم کو تھپڑ مارنے، چھڑی یا کسی بھی دوسری چیز سے جسمانی سزا دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ طلبہ کی تذلیل، دھمکیاں دینا یا ذہنی اذیت پہنچانا بھی سزا کے زمرے میں شمار کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ سکولوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے پرتشدد طریقوں کے بجائے دوستانہ، مثبت اور غیر تشدد پر مبنی رویہ اختیار کیا جائے۔ اساتذہ کو طلبہ سے خوش اخلاقی اور مثبت طرزِ عمل اپنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسمانی سزا سے متعلق موصول ہونے والی ہر شکایت کی فوری تحقیقات کی جائیں گی اور اس کی رپورٹ متعلقہ ضلعی ایجوکیشن آفیسر کو ارسال کی جائے گی۔

محکمہ تعلیم نے بلوچستان کے ہر سکول میں شکایات کے اندراج کے لیے کمپلینٹ رجسٹر رکھنے کا بھی حکم دیا ہے، جبکہ اساتذہ، والدین اور طلبہ میں بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ اور دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert