یوٹیوب نے تصاویر پر مبنی انقلابی فیچر متعارف کروا دیا

نیویارک(قدرت روزنامہ)یوٹیوب نے اپنے مختصر دورانیے کے ویڈیو پلیٹ فارم ’یوٹیوب شارٹس ‘کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے تصاویر پر مبنی انقلابی فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔

اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد اب یوٹیوب کریئیٹرز ویڈیوز کے ساتھ ساتھ تصاویر کے ذریعے بھی اپنے ناظرین سے زیادہ بہتر اور تخلیقی انداز میں رابطہ قائم کر سکیں گے۔ اقدام کا مقصد صارفین کو پلیٹ فارم پر جوڑے رکھنا اور دیگر سوشل میڈیا ایپس کا مقابلہ کرنا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، نئے فیچر کے تحت صارفین اب یوٹیوب شارٹس میں زیادہ سے زیادہ 10 تصاویر پر مشتمل ’فوٹو کیروسل‘پوسٹس اپ لوڈ کر سکیں گے، جنہیں ناظرین اپنی اسکرین پر دائیں سے بائیں سوائپ کر کے دیکھ سکیں گے۔

صارفین کے تجربے کو مزید شاندار بنانے کے لیے ہر تصویر پر اپنی مرضی کا ٹیکسٹ (تحریر) لکھنے اور اس کے پس منظر میں 15 سیکنڈ تک کا بیک گراؤنڈ میوزک لگانے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ ’میوزک کے انتخاب کے لیے صارفین لائسنس یافتہ میوزک کیٹلاگ، یوٹیوب آڈیو لائبریری اور جہاں دستیاب ہو، وہاں مصنوعی ذہانت پر مبنی ’ڈریم ٹریک‘ فیچر سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔‘

کمپنی کے مطابق، اس بڑی اپ ڈیٹ کا بنیادی مقصد کریئیٹرز کو شارٹس فیڈ میں زیادہ مؤثر انداز میں ’بصری کہانیاں‘ پیش کرنے کا موقع دینا ہے۔

یوٹیوب انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ’یہ سہولت بالخصوص ان کریئیٹرز اور آرٹسٹس کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی جو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بیک وقت اپنا مواد شیئر کرتے ہیں، کیونکہ اب انہیں یوٹیوب پر بھی اپنے پروموشنل اور تخلیقی مواد کے لیے ایک اور مانوس فارمیٹ دستیاب ہو گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert