بیرونی ایماء پر کرائے کے قاتلوں نے گھر پر حملہ کیا، نظریہ پاکستان کے حامی ہونے کی سزا دی جا رہی ہے؛ شفیق الرحمان مینگل

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میر شفیق الرحمان مینگل نے کہا ہے کہ میں اور قربانی دینے والے ساتھی نظریہ پاکستان کے علمبردار رہے ہیں اس لیے ہمیں نشانہ بنایا جا رہا ہے، بیرونی ممالک کی ایماء پر کام کرنے والے کرائے کے قاتلوں نے میرے گھر پر حملہ کیا۔ یہ بات انہوں نے غیر ملکی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

میر شفیق الرحمان مینگل نے کہا کہ ان کے گھر پر دھماکے کے فوراً بعد متعدد مسلح حملہ آور گھر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم ان کے محافظوں، رشتہ داروں اور ساتھیوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھیوں نے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہ حملہ آور مارے گئے جو گھر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے ساتھی بہادری کا مظاہرہ نہ کرتے تو جانی نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دھماکے کے نتیجے میں ان کے 17 ساتھی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق انہیں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق چھ حملہ آور مارے گئے، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ اس حوالے سے سرکاری سطح پر ابھی تک کوئی تصدیق یا اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔ میر شفیق الرحمان مینگل نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے انہیں سکیورٹی فراہم کی گئی تھی اور حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ اہلکار پہلے لیویز فورس کا حصہ تھے اور بعد ازاں پولیس میں ضم ہوئے، اور ان میں سے اکثر ان کے رشتہ دار اور علاقے کے رہائشی تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس حملے کا اصل ہدف وہ خود تھے، لیکن ان کے ساتھیوں کی جرات، مزاحمت اور بروقت کارروائی کی وجہ سے حملہ آور اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ کالعدم تنظیموں کی جانب سے مسلسل نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی ہمیشہ نظریہ پاکستان کے حامی رہے ہیں، اور یہ حملے ان کے نظریات اور موقف کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل قربانیوں اور جانی نقصانات کے باوجود وہ اپنے موقف اور جدوجہد سے پیچھے ہٹنے والے نہیں اور اپنے نظریات پر ڈٹے رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert