شہزادی کیٹ مڈلٹن ایک بار پھر چھا گئیں، ومبلڈن میں سبز لباس نے ساری توجہ سمیٹ لی

برطانیہ (قدرت روزنامہ)برطانوی شاہی خاندان کی رکن، پرنسز آف ویلز شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ومبلڈن 2026 کے مردوں کے سنگلز فائنل میں ہلکے سبز (سیج گرین) رنگ کے خوبصورت لباس میں شرکت کرکے ایک بار پھر اپنے منفرد فیشن انداز سے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
کیٹ مڈلٹن اپنے شوہر شہزادہ ولیم، بیٹے شہزادہ جارج اور بیٹی شہزادی شارلٹ کے ہمراہ سینٹر کورٹ پہنچیں جہاں ان کا سادہ مگر پُروقار انداز شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
شہزادی آف ویلز نے معروف ڈیزائنر ایمیلیا وِکسٹیڈ کا تیار کردہ خصوصی مِڈی ڈریس زیب تن کیا۔ ہلکے سبز رنگ کے اس لباس کو ومبلڈن کے روایتی سبز ماحول سے ہم آہنگ قرار دیا جا رہا ہے۔
کیٹ نے ڈی میلئیر نینو مونٹریال ہینڈ بیگ، ہم رنگ رالف لارین پمپس، وین کلیف اینڈ آرپلز کی بالیاں اور ایکوامیرین سے مزین سنہری بریسلٹ کا انتخاب کیا۔ انہوں نے روایتی سبز اور جامنی رنگ کا ومبلڈن ربن بھی اپنے لباس پر آویزاں کیا جو آل انگلینڈ لان ٹینس اینڈ کروکیٹ کلب کی سرپرست ہونے کی علامت ہے۔
کیٹ مڈلٹن کے ومبلڈن فیشن انتخاب اس سال بھی موضوعِ گفتگو رہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے آغاز میں نیلے رنگ کے ٹراؤزر سوٹ اور خواتین کے سنگلز فائنل میں سرخ لباس کے ذریعے بھی مداحوں کی توجہ حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ کیٹ مڈلٹن 2016 سے آل انگلینڈ لان ٹینس اینڈ کروکیٹ کلب کی سرپرست ہیں اور ان کی ومبلڈن میں شرکت اب ٹورنامنٹ کی ایک اہم روایت بن چکی ہے۔ فائنل سے قبل انہوں نے ٹورنامنٹ کے عملے اور برطانوی ٹینس کھلاڑی آرتھر فیری سے بھی ملاقات کی۔
