پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے زیادہ منافع کمانے کا 10 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے زیادہ منافع کمانے کا 10 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا، پی ایس ایکس کا سال 2021 میں مجموعی منافع 258 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، 2022 کا پہلا کاروباری ہفتہ بھی منافع بخش ثابت ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے زیادہ منافع کمانے کے معاملے میں 10 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اپنی ٹوئٹ کہا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے سال 2021 میں 258ارب روپے کا مجموعی منافع حاصل کیا ہے، یہ گزشتہ 10 سالوں میں بلند ترین شرح ہے۔ جبکہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی اس حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ زبردست کامیابی کرونا وبا کے باوجود حاصل ہوئی۔

دوسری جانب جمعہ کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاون کی اطلاعات کی تردید کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتہ کے آخری روز تیزی دیکھی گئی اور 100انڈیکس 263پوائنٹس اضافہ کے بعد 45345پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں تیزی کے سبب سرمائے کے حجم میں لگ بھگ44ارب روپے کا اضافہ ہوا، تاہم حصص کی فروخت کے دباو کے باعث کاروباری حجم میں10کروڑ سے زائد حصص کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاون کی افواہوں کی تردید کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے سکھ کا سانس لیا اور کاروباری لین دین میں دلچسپی لی،ماہرین کے مطابق ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار اومیکرون وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاو کے باعث ممکنہ لاک ڈاو ن کی خبروں سے پریشان ہیں اور جمعہ کے روز حصص کی فروخت کے دباو کا سبب بھی یہی تھا۔