فیفا ورلڈ کپ فائنل، فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ پہلی بار ’’چیمپئن رنگز‘‘ بھی ملیں گی

نیویارک (قدرت روزنامہ) فیفا ورلڈ کپ 2026 کی چیمپئن ٹیم کو ٹرافی اور خطیر انعامی رقم کے ساتھ پہلی بار چیمپئن رنگز بھی دی جائیں گی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔ ارجنٹینا اور اسپین، کوئی بھی ٹیم اگلے چار سال کے لیے حکمرانی کا تاج اپنے سر پر سجائے گی۔
فائنل کی فاتح ٹیم کو ٹرافی، گولڈ میڈلز، خطیر انعامی رقم کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار امریکی کھیلوں کی مشہور روایت چیمپئن شپ رِنگ (انگوٹھی) بھی دی جائے گی۔
یہ روایت امریکی کھیلوں، خصوصاً این ایف ایل کے سپر باؤل میں برسوں سے رائج ہے جسے اب فیفا ورلڈ کپ کا بھی حصہ بنایا جا رہا ہے۔
ورلڈ کپ 2026 کی مناسبت سے فیفا کے مطابق عالمی چیمپئن ٹیم کے لیے 30 خصوصی رنگز تیار کی جائیں گی، جو کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو پیش کی جائیں گی جبکہ 1996 یادگاری رنگز دنیا بھر کے شائقین کو آفیشل لائسنس کے ساتھ فروخت کی جائیں گی۔
ہر رنگ میں چھوٹی ورلڈ کپ ٹرافی ڈیزائن کا حصہ ہوگی اور اس پر خصوصی کندہ کاری بھی کی جائے گی۔
فاتح ٹیم کو چمچماتی سنہری ٹرافی کے ساتھ 50 ملین ڈالر (14 ارب پاکستانی روپے)، ہر کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز کو گولڈ میڈل کے ساتھ خصوصی انگوٹھی دی جائے گی۔
رنر اپ ٹیم 33 ملین ڈالر (9 ارب پاکستانی روپے) کی حقدار ہو گی اور ساتھ ہی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو چاندی کے تمغے دیے جائیں گے۔
تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم (انگلینڈ) 29 ملین ڈالر اور کانسی کے تمغے کی حقدار ہوگی جب کہ چوتھی پوزیشن کی ٹیم فرانس کو 27 ملین ڈالر ملیں گے۔
