اسلام آباد کے 6 ججز کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دینے کا فیصلہ
عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سنانے والے جج کا نام بھی شامل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلعی عدلیہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 6 ججز کو ایوارڈز کے لیے نامزد کر دیا، ان ججز میں سابق وزیراعظم عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سنانے والے سیشن جج ناصر جاوید رانا بھی شامل ہیں، تمام ججز کو یہ ایوارڈز 25 جولائی کو سپریم کورٹ میں منعقد ہونے والی نیشنل جوڈیشل کانفرنس کے موقع پر دیئے جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر کی ضلعی عدلیہ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ججوں کو ایوارڈز سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے تمام ہائیکورٹس سے نام طلب کیے تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ہر کیٹیگری سے بہترین کارکردگی دکھانے والے ایک ایک جج کو نامزد کر کے فہرست بھیج دی۔
بتایا گیا ہے کہ یہ ایوارڈز 25 جولائی 2026ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں عدلیہ سے متعلق منعقدہ نیشنل کانفرنس کے دوران دیئے جائیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ضلعی عدلیہ سے جن 6 ججز کو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے، ان میں سیشن جج ویسٹ ناصر جاوید رانا، جوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ میاں اظہر ندیم، ایڈیشنل سیشن جج محمد سہیل، سینئر سول جج مبشر حسن، سول جج ایسٹ عائشہ شبیر، اور سینئر سول جج فیملی کورٹ صنم بخاری شامل ہیں۔
اب ججز کو بھی ایوارڈ ملیں گے. عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سنانے والے جج کو بھی ایوارڈ ملنے جا رہا ہے، ضلعی عدلیہ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ججز کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلعی عدلیہ سے 6 ججز کو ایوارڈ کے لئے نامزد کر دیا، چیف جسٹس نے ہر… pic.twitter.com/02SsnOaxNZ
— Hussain Ahmed Ch (@HussainAhmedCh8) July 23, 2026
خیال رہے کہ بطور احتساب عدالت جج ناصر جاوید رانا نے تین بار مؤخر کیے جانے کے بعد 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنایا تھا، انہوں نے عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 14 سال اور بشریٰ بی بی کو ان کا ساتھ دینے کے جرم میں 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، اس کے علاوہ عمران خان پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
بعد ازاں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو سزا سنانے والے جج ناصر جاوید رانا کا تبادلہ کردیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے احتساب عدالت سے ان کا تبادلہ کیا، جس پر رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے تحت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصرجاوید رانا کو تبدیل کردیا گیا اور انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ تعینات کیا گیا تھا۔
