وہ پھل جسے کھانے جوڑوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جوڑوں کی تکلیف کا سامنا دنیا بھر میں متعدد افراد کو ہوتا ہے اور معمر افراد میں یہ مسئلہ بہت عام ہوتا ہے۔
مگر آسانی سے دستیاب ایک پھل کے استعمال کو عادت بنا کر آپ جوڑوں کی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
چینی محققین کی جانب سے ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام کا تجزیہ کرتے ہوئے دیکھا گیا کہ ایک مخصوص مرکب کس حد تک جوڑوں کی تکلیف کے حوالے سے مدد فراہم کرسکتا ہے۔
ان کی جانب سے ایک پولی فینول مرکب resveratrol سے جوڑوں کی صحت پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
یہ مرکب انگوروں اور بیریز میں موجود ہوتا ہے۔
گزشتہ چند دہائیوں کے دوران اس کی اینٹی آکسیڈنٹ اور ورم کش خصوصیات پر کافی تحقیقی کام ہوا ہے۔
ایسا بھی مانا جاتا ہے کہ یہ خلیات کی عمر کی رفتار کو سست کرتا ہے جس سے ان کی عمر بڑھ جاتی ہے۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ یہ مرکب ورم کی روک تھام متعدد ذرائع سے کرتا ہے اور دائمی ورم ہی جوڑوں کے امراض کی سب سے بڑی وجہ ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ یہ مرکب آسانی سے ہضم نہیں ہوتا اور جگر میں میٹابولائز ہوتا ہے۔
مگر ان کا کہنا تھا کہ تحقیقی رپورٹس سے عندیہ ملا ہے کہ یہ مرکب جوڑوں کی تکلیف یا انجری سے تحفظ فراہم کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ ایسی ادویات یا سپلیمنٹس تیار ہوسکیں جو جوڑوں کی صحت کے لیے مفید ہوں۔
مگر انگور یا بیریز کے استعمال سے آپ کسی حد تک خود کو جوڑوں کے تکلیف دہ مسائل سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف انٹرنیشنل میڈیکل ریسرچ میں شائع ہوئے۔
