اے این ایف کا کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 10 ملزمان گرفتار، 35 لاکھ سے زائد کی منشیات برآمد

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 مختلف کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان اے این ایف ہیڈکوارٹر کے مطابق ان کارروائیوں میں 35 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 31.338 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی ہیں۔
تعلیمی اداروں کے قریب کی گئی کارروائیوں کے دوران اٹک میں ایک یونیورسٹی کے نزدیک خاتون کے قبضے سے 2.4 کلو گرام چرس جبکہ میلہ چوک اٹک کے قریب رکشے سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 938 گرام آئس برآمد کی گئی جبکہ کراچی ٹرمینل سے تھائی لینڈ جانے والے کنٹینر سے 13.5 کلوگرام وزنی (50,400 عدد) والیم گولیاں برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
راولپنڈی چکلالہ کے کوریئر آفس میں نیدرلینڈز سے آنے والے پارسل سے 4 گرام ایم ڈی ایم اے اور 8 گرام ممنوعہ پاؤڈر برآمد ہوئے، جامشورو انڈس ہائی وے پر دو الگ الگ کارروائیوں میں گاڑیوں سے بالترتیب 12 کلوگرام اور 10 کلوگرام چرس برآمد کر کے مجموعی طور پر 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
گجرات سرائے عالمگیر میں ہوٹل کے قریب ایک ٹرک سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو حراست میں لیا گیا، ترجمان کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
