پی ٹی آئی خیبرپختونخوا پارلیمانی پارٹی اجلاس، وزیراعلیٰ سے ناراض دھڑےکا سخت جملوں کا تبادلہ

پشاور(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی تحریک پر مشاورت کے لیے اجلاس بلایا تھا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تلخی ہوگئی، ناراض ارکان نے سخت تقریریں کیں۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی تقریر کے بعد ناراض دھڑے کی جانب سے سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ناراض ارکان کے سخت جملوں پر وزیراعلیٰ ناراض ہوگئے، وزیراعلیٰ نے ناراض اراکین کے تمام تحفظات دورکرنےکی یقین دہانی کرائی، تاہم ماحول تلخ ہونے پر ناراض ارکان اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
پی ٹی آئی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الہٰی نے جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سب نے شرکت کی، ہم ناراض اراکین نے مطالبہ کیا کہ حلف لینےکے لیےکنونشن کرایا جائے، سینیٹ انتخابات کی طرح بانی کی رہائی تحریک پر بھی سب سے حلف لیا جائے۔
فضل الہٰی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی صرف باتوں سے نہیں عمل سے ہوگی۔
