نواز شریف کا کشمور اور میرپور خاص سے متعلق بیان سندھ کے عوام کی توہین اور حقائق سے لاعلمی کا ثبوت ہے، سینیٹر وقار مہدی

کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینٹر وقار مہدی کا نواز شریف اور مریم نواز کے آزاد کشمیر جلسوں میں دیے گئے بیانات پر سخت ردعمل، اپنے بیان میں کہا نواز شریف کا کشمور اور میرپور خاص سے متعلق بیان سندھ کے عوام کی توہین اور حقائق سے لاعلمی کا ثبوت ہے۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا سندھ کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کرنا افسوسناک ہے، مسلم لیگ (ن) پہلے پنجاب کی بدترین گورننس کا جواب دے۔پنجاب میں مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور بارشوں و سیلاب سے ہونے والی تباہی (ن) لیگ کی ناکامیوں کا ثبوت ہے۔ کشمور اور میرپور خاص کے عوام جانتے ہیں کہ مشکل وقت میں صرف پاکستان پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی رہی۔ آزاد کشمیر کے عوام سے کیے جانے والے بلند و بانگ دعوے (ن) لیگ کی پرانی انتخابی روایت ہیں۔انتخابات سے پہلے وعدے اور بعد میں عوام کو بھول جانا مسلم لیگ (ن) کی سیاست بن چکی ہے۔ جو جماعت پنجاب میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کر سکی، وہ کشمیر میں ترقی کے دعوے کیسے کر سکتی ہے؟
سینیٹر وقار مہدی نے مزید کہا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ قومی کاز کے طور پر لڑا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوریت اور وفاق کی مضبوطی کی سیاست کی ہے۔مسلم لیگ (ن) سندھ پر تنقید کے بجائے اپنی حکومتی ناکامیوں کا حساب دے۔عوام اب نعروں سے نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام تیر پر مہر لگا کر پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں گے۔کشمیر کے عوام کھوکھلے نعروں کو مسترد اور پاکستان پیپلز پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کریں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں واضح اکثریت سے کامیاب ہو کر حکومت بنائے گی۔ کشمیر کے عوام کی خدمت، ترقی اور بااختیار حکومت صرف پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ تیر کی کامیابی عوام کی کامیابی ہوگی، پاکستان پیپلز پارٹی کشمیر میں حکومت بنا کر عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی۔ آزاد کشمیر کے عوام کا فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں آئے گا اور عوامی حکومت قائم ہوگی۔
