بھارتی وزیردفاع کا بیان مسترد، پاکستان کا ہر مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا مؤثر اور بھرپور مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، بھارتی وزیر دفاع کا بیان اس تنازعہ کے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے جانے والے بے بنیاد الزامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے اور وہاں جاری اقدامات سے عالمی توجہ ہٹانا ہے، بھارتی حکومت ایسی پالیسی پر گامزن ہے جو ناصرف خطے بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا کر رہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو پاکستانی عوام اور حکومت کے غیر متزلزل عزم کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے، پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کا عملی مظاہرہ معرکۂ حق کے دوران پوری قوم اور مسلح افواج نے کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی اور اپنے اندرونی عدم استحکام سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف بے بنیاد بیانیہ اختیار کر رہا ہے، اس صورتحال میں پاکستان کا عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ بھارت کے مسلسل جارحانہ طرز عمل کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں دی جا چکی ہے، پاکستان کا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرنے کے حوالے سے جوابدہ ٹھہرائے اور جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
