اپر سوات میں غیر معیاری کشتیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر کشتیوں کے ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اپر سوات نے مختلف مقامات پر چلنے والی کشتیوں کا جامع سروے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سروے کے دوران یہ جانچا جائے گا کہ کون سی کشتیاں حفاظتی معیار پر پوری اترتی ہیں اور کن کشتیوں میں سیاحوں کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، معیار پر پورا نہ اترنے والی کشتیوں کے آپریشن پر پابندی عائد کی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپر سوات کے سیاحتی مقامات پر چلنے والی تمام کشتیوں کی فٹنس اور آپریشنل صلاحیت کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس سلسلے میں مہوڈنڈ جھیل پر بوٹنگ سروسز کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ بغیر این او سی کسی بھی کشتی کو چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام بوٹنگ آپریٹرز کا ریکارڈ، ضروری معلومات اور متعلقہ دستاویزات جمع کیے جا رہے ہیں، جبکہ جانچ پڑتال، تصدیق، سرٹیفیکیشن اور این او سی کے اجرا کے لیے تمام ڈیٹا ٹی ایم او کو فراہم کیا جائے گا۔

انتظامیہ نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد مہوڈنڈ میں بوٹنگ سرگرمیوں کو محفوظ بنانا اور انہیں قانونی تقاضوں کے مطابق منظم کرنا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert