رونالڈو کی ’’فی منٹ کمائی‘‘ کتنی ہے؟ نا قابل یقین اعداد وشمار حیران کر دیں گے

پرتگال(قدرت روزنامہ) پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو گوکہ اپنی ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ نہیں جتوا سکے لیکن ان کی فی منٹ کمائی جان کر حیران رہ جائیں گے۔
کرسٹیانو رونالڈو کا شمار دنیا کے اسٹار فٹبالرز میں ہوتا ہے۔ پرتگال سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کے پاس فٹبال کے میدان میں کئی نا قابل فراموش ذاتی ورلڈ ریکارڈ ہیں۔
اگرچہ وہ اپنے طویل کیریئر میں اپنے ملک پرتگال کو کبھی فیفا ورلڈ کپ نہیں جتوا سکے۔ حالیہ ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد گوکہ انہوں نے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، لیکن وہ ممکنہ طور پر اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل چکے۔
فوربز میگزین نے حالیہ رپورٹ میں اسٹار فٹبالر کے اثاثوں کا خالص تخمینہ 1.2 ارب ڈالر لگایا ہے، جس نے انہیں تاریخ کے امیر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک بنا دیا ہے۔
فوربز کے مطابق ان کی گزشتہ ایک سال میں سالانہ آمدنی 300 ملین ڈالر رہی۔ اس آمدنی کے مطابق رونالڈو نے ہر گزرتے منٹ ان کی دولت میں 570 امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا۔ یعنی انہوں نے ہر منٹ میں پاکستانی کرنسی کے مطابق (ایک لاکھ 58 ہزار روپے سے زائد) کمائے۔
فوربز کے مطابق ان کے اثاثوں میں بڑا اضافہ 2023 میں سعودی کلب النصر سے جڑنے کے بعد ہوا۔ اس معاہدے کی رونالڈو نے گزشتہ سال 2025 میں دوبارہ تجدید کی۔
النصر سے معاہدہ انہیں سالانہ 200 ملین ڈالر سے زائد آمدنی فراہم کرتا ہے اور یہ آمدنی کا وہ ہندسہ ہے جو یورپی میدانوں میں ان کے آخری برسوں کے دوران حاصل ہونے والی رقم سے کہیں زیادہ ہے۔
دوسری جانب رونالڈو کا واحد ذریعہ آمدن صرف فٹبال نہیں بلکہ انہوں نے کئی اسپانسرشپ معاہدوں کے علاوہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا سے بھی انہیں آمدنی کا بڑا حصہ ملتا ہے۔
