کوئٹہ میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے اے آئی بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے جدید اے آئی (مصنوعی ذہانت) بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے اور جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ پر قابو پانے اور آمدورفت کو مزید منظم بنانے کے لیے جدید اے آئی بیسڈ ٹریفک سگنلز کو فعال کیا جائے گا، جو ٹریفک کے بہاؤ کا خودکار تجزیہ کرکے سگنلز کے اوقات کو ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کریں گے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنا کر شہریوں کو محفوظ، تیز رفتار اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو مؤثر، مربوط اور پائیدار ٹریفک نظام کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور محفوظ ٹریفک نظام حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ٹریفک کے مسائل کا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی بیسڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف سفر کا دورانیہ کم ہوگا بلکہ سڑکوں پر نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو بھی فروغ ملے گا، جس سے شہریوں کو بہتر سفری ماحول میسر آئے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے اور ٹیکنالوجی پر مبنی فیصلوں کے ذریعے عوام کو محفوظ، منظم اور سہل سفری ماحول فراہم کیا جائے گا۔
