خواتین کے تحفظ اور حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بااثر ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، میر ضیا اللہ لانگو

اسما جتک اور لائبہ ستار کیسز میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری، مرکزی ملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا


تمام خواتین ہماری بیٹیاں اور بہنیں ہیں، مظلوم خاندانوں کو مکمل انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبائی وزیر داخلہ
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کے تحفظ اور حقوق کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اسما جتک اور لائبہ ستار کیسز میں ملوث ملزمان خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔16 اکتوبر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ قلات میں لائبہ ستار کیس کے حوالے سے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اہل خانہ کی نشاندہی پر چار ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق اہل خانہ کی جانب سے عدالت میں راضی نامہ پیش کیے جانے کے بعد دو گرفتار افراد رہا ہوئے، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ روایات کو پامال کرنے اور خواتین پر ظلم کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ اسما جتک ہو یا کوئی اور، تمام خواتین ہماری بیٹیاں اور بہنیں ہیں۔ حکومت مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور اسما جتک کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر انہیں بھی دکھ ہے۔وزیر داخلہ کے مطابق اسما جتک کیس میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جرم کرنے والا شخص گرفتاری سے بچنے کے لیے چھپنے کی کوشش کرتا ہے، تاہم حکومت بلوچستان کے عوام کو یقین دلاتی ہے کہ خواتین کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون سے بچنے نہیں دیا جائے گا اور دونوں کیسز میں ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔

WhatsApp
Get Alert