منی بجٹ کو روکنے کے لیے اپوزیشن کو جہانگیر ترین کی ضرورت ہو گی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ منی بجٹ روکنے کی کوشش کریں گے،ان کے ارکان کی تعداد 148 ہے، ان کی اتنی تعداد نہیں کہ منی بجٹ کو روک سکیں، صرف ایک صورت ہے کہ ق لیگ ، جہانگیر ترین گروپ اور ایم کیو ایم اپوزیشن کا ساتھ دے مگر اس کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو جو کام کرنا چاہئیے وہ یہ ہے کہ حکومت کو ٹف ٹائم اور تجاویز دے۔
ہارون الریشد نے مزید کہا کہ ن لیگ کے ایک لیڈر نے مجھ سے دو سال پہلے کہا تھا کہ ہمیں پتہ ہے کہ جو کچھ ہم کر رہے ہیں یہ ملکی معیشت کو تباہ کر دے گا مگر عمران خان کو ہٹانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نہیں جا رہی اور نہ ہی حکومت کبھی اس طرح گئی ہے، یہ حکومت ہے کہاں، اس میں گورننس ہے ہی نہیں۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے منی بجٹ کو غریب اور متوسط طبقے کے خلاف اعلان جنگ قرار دے دیا تھا۔
عوامی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے پیغام میں اپوزیشن لیڈر نے لکھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا منی بجٹ غریب اور متوسط طبقے کے خلاف اعلان جنگ ہے جو مہنگائی کے سونامی سے بری طرح متاثر ہوں گے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ بل اس بات کا ثبوت ہے کہ بجٹ 22-2021 جھوٹ کا پلندہ تھا، اور اس حقیقت کا میں نے تب سے بارہا ذکر کیا ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ منی بجٹ سے معاشی گاڑی کا انجن سیز کردیا ہے، بے روزگاری اورمہنگائی کے ذمہ دار عمران نیازی اینڈ کمپنی ہوں گے، یہ کرپٹ کمپنی تو پہلے ہی نہیں چل رہی تھی، اب دیوالیہ پن کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ’’سستے ترین‘‘ جبکہ عوام ’’مہنگے ترین‘‘ پاکستان میں رہتے ہیں۔
قوم اور پاکستان کو بند گلی میں پہنچا کر2022ء میں پی ٹی آئی نئے یوٹرن لے گی، قوم دھیان رکھے ،پی ٹی آئی کی روایت رہی ہے کہ ہر نئے سال پر ایک نئی مہنگائی کا طوفان قوم پر مسلط کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2021ء کے آغاز پر عمران نیازی نے اسے ترقی کا سال کہا تھا لیکن یہ بھی تباہی کا سال ثابت ہوا ،یہ بھی کہا تھا کہ ’’2021 میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا‘‘ اور بچوں سے دودھ بھی چھین لیا ۔