اسلام آباد میں غیرملکی خاتون سیاح کو مبینہ ہراسانی کا سامنا

جاپانی ٹریول وی لاگر پاکستان مونومنٹ پر اپنی ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھیں کہ متعدد نوجوان ان کے گرد جمع ہوگئے، مبینہ طور پر مسلسل ان کا پیچھا کرتے رہے، خاتون نوجوانوں سے دور رہنے اور پیچھا نہ کرنے کا کہتی رہتی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر وی لاگنگ کرنے والی ایک جاپانی خاتون سیاح کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی۔ اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جاپانی ٹریول وی لاگر پاکستان مونومنٹ پر اپنی ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھیں، اسی دوران متعدد نوجوان ان کے گرد جمع ہو گئے اور مبینہ طور پر مسلسل ان کا پیچھا کرتے رہے، ویڈیو میں خاتون کو متعدد مرتبہ نوجوانوں سے دور رہنے اور پیچھا نہ کرنے کا کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود بعض افراد ان سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس فالو کرنے کی درخواست کرتے رہے، جس سے وہ واضح طور پر غیر آرام دہ صورتحال کا شکار دکھائی دیں۔


واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس طرزِ عمل پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناصرف غیر مناسب قرار دیا بلکہ کہا کہ ایسے واقعات پاکستان کا مثبت تشخص متاثر کرتے ہیں اور غیر ملکی سیاحوں کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچا سکتے ہیں، صارفین نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار افراد کی شناخت کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں، تاحال کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، تاہم ویڈیو شواہد اور دیگر معلومات کی مدد سے ملوث افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert