ہم پی ٹی آئی، مولانا اور دہشتگردوں سے لڑیں گے تو لڑتے ہی رہیں گے پھر معاشی ترقی کب کریں گے؟ بلاول بھٹو

لاڑکانہ (قدرت روزنامہ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم پی ٹی آئی، مولانا،بھارت ،افغانستان اور دہشتگردوں سے لڑیں گے پھر معاشی ترقی کب کریں گے؟ ہمارا فوکس اختلافات پر نہیں معاشی مسائل کے حل پر ہونا چاہیئے، وفاقی حکومت کو چاہیئے کہ تمام اسٹیک ہولڈر سے بات کرے۔
انہوں نے لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جب کسی کمیٹی کا حصہ نہیں بنیں گے پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے تو پھر کیسے کہیں گے کہ پارلیمان کمزور ہیں؟ اپوزیشن کو چاہئے الیکٹورل کمیٹی میں آئیں اور کم ازکم اس پر ہم مل کر فیصلے کریں گے۔ پی ٹی آئی اگر الیکٹورل کمیٹی میں شامل نہیں ہوتی تو پھر دھاندلی کا رونا بھی نہ روئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ چاہتے ہیں وفاق کے ساتھ مل کر عوام کیلئے کام کریں، وزیراعظم سے ملاقات اچھی رہی ہے، وزیراعظم کو تمام صوبوں میں کابینہ کا اجلاس بلانے کی دعوت دی ہے، وزیراعظم کا شکرگزار ہوں کہ سندھ میں منصوبوں سے متعلق بہتری آئی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی، مولانااور دہشتگردوں سے لڑیں گے تولڑتے ہی رہیں گے پھر معاشی ترقی کب کریں گے؟ بھارت اور افغانستان سے بھی لڑیں گے تو پھر ہم اسی کام میں مصروف رہ جائیں گے، آپس کے اختلافات بھلا کر معاشی مسائل کے حل پر توجہ دینی ہوگی، وفاق کو چاہیئے کہ تمام اسٹیک ہولڈر سے بات کرے۔
