روزانہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے معمر افراد کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے، تحقیق


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اگر آپ روزانہ ملٹی وٹامنز استعمال کرتے ہیں تو جان لیں کہ بڑھاپے میں اس سے صحت کو درست رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
خیال رہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ بتدریج جسمانی اور دماغی افعال تنزلی کا شکار ہونے لگتے ہیں۔
امریکا کی Augusta یونیوسٹی کی اس تحقیق میں دیکھا گیا کہ روزانہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے معمر افراد کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں 60 سال یا اس سے زائد عمر کے 16 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق کے آغاز میں یہ افراد امراض قلب سے محفوظ تھے اور پھر انہیں گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
ایک گروپ کو روزانہ ملٹی وٹامن سپلیمنٹس کا استعمال کرایا گیا، دوسرے کو cocoa ایکسٹریکٹ سپلیمنٹ، تیسرے کو دونوں جبکہ چوتھے کو پلیسبو دیا گیا۔
یہ سلسلہ 3 سال تک برقرار رکھا گیا جس کے دوران ان سے ہر سال سوالنامے بھروا کر روزمرہ کی سرگرمیوں کی صلاحیت کو جانچا گیا جبکہ ہارٹ فیلیئر کی علامات کو بھی دیکھا گیا۔
3 سال بعد محققین نے دریافت کیا کہ ملٹی وٹامنز سپلیمنٹس کے استعمال سے دل کی صحت کو درست رکھنے میں مدد ملتی ہے اور متعدد جان لیوا امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ان سپلیمنٹس سے خون کی اس مرکزی شریان سکڑنے کا خطرہ کم ہوتا ہے جو گردن سے ہوتے ہوئے دماغ تک خون پہنچاتی ہے۔
محققین کے مطابق ممکنہ طور پر ملٹی وٹامنز سے جسم میں مختلف منرلز کی معمولی کمی کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ خلیات کے افعال اور شریانوں کی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ روزانہ ملٹی وٹامنز کا استعمال معمر افراد میں دل کی شریانوں سے جڑی صحت کو درست رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے جبکہ معیار زندگی بھی بہتر ہوتا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج کسی حد تک محدود ہیں کیونکہ وجہ کا تعین نہیں ہوسکا اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں ملٹی وٹامنز کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے اور صرف امریکا میں ہر سال 8 ارب ڈالرز کے سپلیمنٹس فروخت ہوتے ہیں۔
زیادہ تر افراد ان سپلیمنٹس کا استعمال اچھی صحت اور فٹنس کو برقرار رکھنے اور دائمی امراض کی روک تھام کے لیے کرتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert