بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے چیف منسٹر یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کا آغاز، 1000 نوجوانوں کو عملی تربیت اور روزگار فراہم کیا جائے گا
تمام نوجوانوں کی تربیت، رہائش اور دیگر تمام تر اخراجات حکومتِ بلوچستان خود برداشت کرے گی، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید تکنیکی علوم سے آراستہ کرنے اور انہیں روزگار کے پائیدار مواقع فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیف منسٹر یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت ایک تاریخی اور احسن اقدام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے 1,000 ہونہار اور باصلاحیت نوجوانوں کو پاکستان کے نامور اور مایہ ناز سافٹ ویئر ہاوسز میں عملی تربیت اور باقاعدہ روزگار فراہم کیا جائے گا۔ بی ٹیوٹا اور کیو ٹیک کی مشترکہ کاوشیہ فلیگ شپ پروگرام بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (B-TEVTA) کی زیرِ نگرانی کیو ٹیک (Q-Tech) کے اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے شفاف انعقاد کے لیے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواستیں موصول کی گئی تھیں، جس کے بعد اب عمل درآمد کے اگلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے گزشتہ تین روز سے بلوچستان کے تمام اضلاع سے آئے ہوئے ہزاروں طلبہ و طالبات کے شارٹ لسٹنگ ٹیسٹ اور انٹرویوز جاری ہیں۔ صوبے کے دور دراز اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے میں تکنیکی شعبے کی طرف رغبت میں اضافہ ہو رہا ہے۔اس منفرد اور انقلابی پروگرام کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ منتخب ہونے والے تمام نوجوانوں کی تربیت، رہائش اور دیگر تمام تر اخراجات حکومتِ بلوچستان، بی ٹیوٹا کے توسط سے خود برداشت کرے گی۔ نوجوانوں پر کسی قسم کا مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا تاکہ وہ مکمل توجہ اپنی ہنر مندی اور روزگار پر مرکوز رکھ سکیں۔صوبے کے تمام اضلاع سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات اور ان کے سرپرستوں نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اس روشن خیال اور روزگار دوست اقدام کی شدید پذیرائی کی ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ آئی ٹی (IT) کے شعبے میں اس نوعیت کی پیشہ ورانہ تربیت سے نا صرف بلوچستان کا ٹیلنٹ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ابھر کر سامنے آئے گا بلکہ صوبے میں بے روزگاری کے خاتمے میں بھی سنگِ میل ثابت ہوگا۔
