خیبر پختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے علاوہ کوئی تیسرا یہاں امن قائم نہیں کر سکتا: سہیل آفریدی

پشاور(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ جو ہماری پالیسی ہوگی صوبائی حکومت اس پر من و عن عمل کرے گی۔
سوات میں قبل دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ امن ہم سب کی مشترکہ ضرورت ہے، تمام سیاسی اورمذہبی جماعتیں اور ہر مکتبہ فکر کے لوگ امن کےلیے متفق ہیں، اس امن کےلیےکے پی کی عوام کو کھڑا ہونا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پولیس کو امن کےلیے اپنا کر دار اد اکرنا ہے، ہم پولیس اور سی ٹی ڈی کو تمام تر وسائل دے رہےہیں، ہم نے پولیس کو جدید آلات اور انفراسٹرکچر کےلیے35ارب سے زائد فراہم کیے، ہماری پولیس اور سی ٹی ڈی کے علاوہ کوئی تیسرا بندہ یہاں امن قائم کر ہی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سنجیدہ ہیں، امن نہیں ہوگا تو یہاں ترقی اور خوشحالی نہیں آئے گی، سب سے پہلے ہمارے لیے امن ضروری ہے، ہمارے پولیس با صلاحیت ہے، پولیس نے قربانیاں دی ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت فارم 47 کے تحت آئی، ان کے پاس اختیار نہیں، کے پی کی فکر چھوڑیں، اپنی فکر کریں، آئی پی پیز کی مد میں 5 ہزارارب روپے دیے گئے، ان کی جی ڈی پی دن بدن گرتی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ کے پی میں عوام کے مینڈیٹ سے حکومت آئی ہے،ہم نے عوام کا سوچنا ہے۔
